بنگلور 31مارچ (ایس اونیوز؍ آئی این ایس انڈیا)کرناٹک میں کانگریس کو اقتدار سے باہر کرنے کے لئے پوری قوت جھونک چکی بی جے پی کی حکمت عملی میں اس کا 19 نکاتی پروگرام اور ملک بھر سے 5 درجن سے زائد اسٹار پرچارک کی موجودگی کا کردار اہم ہوگا۔ پارٹی نے اپنی اس حکمت عملی کو زمین پر اتارنے کے لئے مرکزی وزراء سمیت ملک بھر سے 56 ممبران پارلیمنٹ اور رہنماؤں کوبھی میدان میں اتارنے پر غور کیا ہے ۔ مرکزی لیڈروں کی یہ ٹیم کرناٹک ریاستی بی جے پی کے ساتھ کام کر رہی ہے اور اس میں ہر اسمبلی حلقہ میں بوتھ سطح پر انتخابی مہم پر زور دیا جا رہا ہے۔ اس میں ’پنا ‘سربراہوں کے ساتھ عوامی رابطہ پر خاص زور دیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بی جے پی میسور، مینگلورو، بیلگام، کلبرگی، ہبلی، بلاری، بنگلورو سمیت کئی علاقوں میں نریندر مودی کے مفروضہ کااستعمال کرے گی۔ بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر نے بتایا کہ ریاستی بی جے پی تو پروگرام کے مطابق کام کرے گی ؛لیکن اس کے ساتھ ہی مرکزی وزراء ، وزرائے اعلی سمیت ملک کے مختلف ممبران پارلیمنٹ کی ٹیم کو علاقہ میں مدعو کیا گیا ہے ۔بی جے پی صدر امیت شاہ کی رہنمائی کے تحت کرناٹک میں پارٹی انتخابی مہم میں مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر، اننت کمارہیگڑے، روی شنکر پرساد، نرملا سیتارمن ، پیوش گوئل، دھرمیندر پردھان، جتیندر سنگھ، پی پی چودھری، گجندر سنگھ شیخاوت، اننت کمار کے علاوہ وزرائے اعلیٰ میں یوپی کے وزیر ا علیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، جے رام ٹھاکر وغیرہ شامل ہیں۔کرناٹک انتخابات میں بی جے پی کی جیت کا دعوی کرتے ہوئے پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری مرلی دھر راؤ نے الزام لگایا کہ کانگریس کی سیاست ذات، مذہب، عقیدہ کی بنیاد پر لوگوں کو بانٹنے اور خوش آمدی کی سیاست کے ذریعے اقتدار حاصل کرنے کے تصور پر مبنی ہے، جب کہ یہ حقیقت اس کے برعکس ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس قیادت ایک طرف ہندوؤں کو بانٹنے اور دوسری طرف خوف دکھا کر کسی نہ کسی طرح سے اقلیتوں کو ایک رکھنے کی پالیسی پر عمل کر رہا ہے۔ اس حکمت عملی پر کانگریس برسوں سے چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی عوام اس بات کو سمجھ گئی ہے اور بی جے پی کو مکمل اکثریت پیش کرنے کا ارادہ کرلیا ہے ۔ بی جے پی نے سدارمیا حکومت پر بدعنوانی کا الزام لگاتے ہوئے 75 دنوں کی کرناٹک تبدیلی سفر کا انعقاد کیا تھا ۔ اس بدعنوانی مخالف مہم کے اثرات کا اندازہ کرتے ہوئے پارٹی نے اس موضوع کو پختہ طریقے سے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی مختلف علاقوں میں’ بائیکرس ریلی ‘ کا بھی انتظام کر رہی ہے جس میں بی جے پی کے کارکنان اور جمع کی ہوئی بھیڑ شامل ہوتی ہے ۔